بنگلورو،19؍اکتوبر(ایس اونیوز) بی جے پی نے آر ایس ایس کے ورکر ردریش کے قتل کے خلاف ایک روزہ طویل ریاست گیر احتجاج کیا ۔بائیک پر سوار دو اشرار نے دن دھاڑے ردریش کا مہلک ہتھیاروں سے اس وقت حملہ کرتے ہوئے قتل کردیا تھا جب وہ 16 اکتوبر کوآر ایس ایس کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس ہورہے تھے ۔بی جے پی نے اشرار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے تعلقہ اور ضلع ہیڈ کوارٹرس تک احتجاجی مارچ نکالا اور مظاہرے کئے ۔بی جے پی کے ریاستی صدر و لوک سبھا کے رکن بی ایس یڈ یورپا نے بی جے پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد سیاسی قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت لا اینڈ آرڈر کی برقراری میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس قتل کو 3 دن گزر گئے ہیں، لیکن اشرار کو ہنوز نہیں پکڑا گیا ۔ اس سے اشرار کی گرفتاری میں حکومت کی غیرسنجیدگی کا اظہار ہوتا ہے ۔سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک نے کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ ریاستی پولیس اس معاملہ کو ٹھیک طریقہ سے نہیں نمٹ رہی ہے ۔ انہوں نے این آئی اے کے ذریعہ اس معاملہ کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ۔قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے الزام لگایا کہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے کے بعد ریاست میں جنگل راج کا غلبہ ہے ۔ قتل اور لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ ہواہے ۔